اسلام آباد۔8اگست (اے پی پی):ٹیکسٹائل کی قومی برآمدات میں گذشتہ مالی سال کے دوران 23 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیاہے۔ وفاقی ادارہ برائے شماریات پاکستان ( پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ مالی سال میں ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات کا حجم 15.4 ارب ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ مالی سال 2020 کے دوران شعبہ کی برآمدات سے 12.526 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
اس طرح مالی سال 2020 کے مقابلہ میں گذشتہ مالی سال کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی مالی برآمدات میں 2.874 ارب ڈالر یعنی 22.94 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق جون 2020 کے مقابلہ میں جون 2021 کے دوران شعبہ کی برآمدات میں 73.08 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
واضح رہے کہ جون 2020 کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات سے 959.137 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا تاہم جون 2021 کے دوران شعبہ کی برآمدات کی مالیت 1.660 ارب ڈالر تک بڑھ گئی۔ اس طرح جون 2020 کے مقابلہ میں جون 2021 کے دوران ٹیکسٹائل گروپ کی برآمدات میں 700.863 ملین ڈالر یعنی 73.08 فیصدکا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔