اسلام آباد۔3اگست (اے پی پی):بلوچستان حکومت نے گوادر شہر و بندرگاہ کو سوادڈیم سے روزانہ 5 ملین گیلن پانی فراہم کرنے کے لئے 67 کلومیٹر لمبی پائپ لائن بچھانے کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ گوادر پورٹ اتھارٹی کے حکام کے مطابق پائپ لائن پرانے ہوائی اڈے تک پہنچ چکی ہے جہاں سے بوزروں کے ذریعے پانی تقسیم کیا جا رہا ہے جبکہ اگلے مرحلے میں گھروں کو پانی کی فراہمی کے لیے پائپ لائن کا جال بچھایا جائے گا جس سے گوادر میں پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔
انھوں نے کہا کہ شہر کو روزانہ 7.5 ملین گیلن پانی کی ضرورت ہے، اکرا کور ڈیم سے 1.5ملین گیلن پانی مل رہا ہے جس سے گوادر فری زون کی ضروریات پوری ہو رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایک اور سپلائی لائن پر تیزی سے کام جاری ہے جس سے شادی کور ڈیم سے 2.5 ملین گیلن پانی سواد ڈیم میں لایاجائے گا جہاں سے شہر کو سپلائی ہو گا جس پر 80 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ،اس کے بعد سواد ڈیم سے 7.5 ملین گیلن پانی گوادر شہر و بندرگاہ کو فراہم کیاجائے گا۔
حکام کے مطابق میرانی ڈیم سے گوادر تک 5 ملین گیلن پانی فراہم کرنے کے لئے 150 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھانے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ گوادر شہر کو 16 ایم جی ڈی پانی 2025 تک مہیا کیا جائے گا جبکہ 2035 تک 40 ملین گیلن پانی فراہم کرنے کے لئے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔