کنٹرول لائن کے دونوں اطراف اوردنیابھرمیں مقیم کشمیری کل بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طورپرمنائیں گے تاکہ عالمی برادری کی توجہ جموں وکشمیرپرجاری بھارت کے طویل غیرقانونی قبضے کی طرف مبذول کرائی جاسکے۔ ریاست کے بڑے حصے پربھارت کے غیرقانونی قبضے کے خلاف آزادجمو ں وکشمیرمیں احتجاجی ریلیاں اورجلوس نکالے جائیں گے۔یہ دن منانے کامقصدآزادی کی منصفانہ اوراصولی جدوجہدمیں بھارت کے غیرقانونی زیرقبضہ جموں وکشمیرکے آزادی کے متوالے عوام کے ساتھ مکمل اظہاریکجہتی کرناہے۔
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ ریلیاں اور اجتماعات منعقد کئے جائیں تاکہ عالمی برادری کو ایک مضبوط پیغام دیا جائے کہ کشمیری اپنے مادر وطن پر بھارت کا غیرقانونی تسلط کبھی تسلیم نہیں کریں گے۔انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت، تاجروں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی کہ بھارت مخالف ریلیوں میں بھرپور شرکت کرکے کنٹرول لائن کے اس پار مقیم مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کریں۔آزاد جموں و کشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں کشمیر لبریشن سیل، پاسبان حریت اور دوسری مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر حراست نائب چیئرمین شبیراحمد شاہ نے بھارت کے کشمیریوں کے مادر وطن پر غیرقانونی قبضے کے خلاف احتجاج کے طور پر کل بھارت کا یوم جمہوریہ یوم سیاہ کے طور پر منانے کے حریت کانفرنس کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
دہلی کے بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں انہوں نے مقبوضہ وادی میں سول کرفیو برقرار رکھنے کی مذمت کی۔