اسلام آباد۔12جنوری (اے پی پی):پاکستان ہاکی فیڈریشن(پی ایچ ایف) نے سال 2022 کے لیے ایونٹس کا شیڈول جاری کردیا، 6 انٹرنیشنل ایونٹس سمیت سات ڈومیسٹک ایونٹس،16 آل پاکستان ٹورنامنٹس اور چار ٹریننگ ورکشاپس سپورٹس کیلنڈر کا حصہ ہوں گے۔ بدھ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن نے سال 2022 کے لئے قومی کھیل کے سپورٹس کیلنڈر شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ صدر پی ایچ ایف برگیڈیئررخالد سجاد کھوکھر کی منظوری کے بعد سیکرٹری جنرل پی ایچ ایف اولمپین آصف باجوہ نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کا سپورٹس کیلنڈر برائے 2022 جاری کیا ہے۔
پی ایچ ایف سپورٹس کیلنڈر میں قومی ہاکی ٹیم کی 6 انٹرنینشل ایونٹس میں شمولیت کو پلان کیا گیا ہے جس میں مئی میں ایشیاء کپ،جون میں فائیو اے سائیڈ ہاکی ٹورنامنٹ سوئیٹزرلینڈ، 28 جولائی تا 8 اگست کامن ویلتھ گیمزبرمنگھم،انگلینڈ، 10 تا 25 ستمبر ایشین گیمز چائینا اور 8 تا 22 دسمبر چھ ملکی ہاکی ٹورنامنٹ سپین شامل ہیں۔
پی ایچ ایف ڈومیسٹک ایونٹس میں انڈر16 سکول ہاکی چیمپین شپ، 37ویں قومی جونیئر ہاکی چیمپین شپ، 67ویں قومی ہاکی ہاکی چیمپین شپ، قومی ٹرے ہاکی چیمپین شپ، 5ویں قومی جونیئروومن ہاکی چیمپین شپ، 31ویں قومی سینئر وومن ہاکی چیمپین شپ سمیت انٹر کلب ہاکی چیمپین شپ اور پہلی پاکستان ہاکی سپر لیگ سورٹس کیلنڈر پلان کا حصہ ہے۔
پی ایچ ایف سپورٹس کیلنڈر میں 16 آل پاکستان ہاکی ٹورنامنٹس کو بھی پلان کیا گیا جن میں دوسرا برگیڈیئرعاطف میموریل کپ، پہلی بے نظیر بھٹو وومن ہاکی چیمپین شپ، چھٹا قائد اعظم گولڈ کپ، آل پاکستان سونا کپ ہاکی ٹورنامنٹ، 44واں آل پاکستان خوشاب ہاکی ٹورنامنٹ، ٹرائینگولر سیریز بمقابلہ پاکستان سینئر،پاکستان جونیئر ،پاکستان ڈویلپمنٹ سکواڈ، 5واں چیف منسٹر وومن گولڈ کپ، چیف منسٹر فلڈ لائٹ کپ، رمضان ہاکی فیسٹیول، دوسرا چیف آف سٹاف کپ، چیف آف نیول سٹاف کپ، ماڑی پیٹرولیم آزادی ہاکی کپ، کیپٹن اسفند یار بخاری شہید ہاکی ٹورنامنٹ، ڈیفینس ڈے مقابلہ جات، پنجاب گولڈ کپ/نیشنل بینک گولڈ کپ، قاضی محب میموریل/پولیس گولڈ کپ اور استاد اسلم روڈا میموریل ہاکی ٹورنامنٹ، شامل ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے ایمپائرز کوچز اور ٹیکنیکل آفیشلز کی استعداد کو بڑھانےکے لئے ٹریننگ ورکشاپس، ایمپائرنگ کلینکس اور کورسز بھی سپورٹس ایکٹوٹی کیلنڈر میں شیڈول کیئے گئے ہیں جو کہ مندرجہ بالا ڈومیسٹک ایونٹس کے دوران کرائے جائینگے۔