کھیل

پاکستان، سری لنکا کرکٹ سیریز: سرفراز احمد کو پاکستان ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ

Published

on

پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بابر اعظم نائب کپتان ہوں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے یہ اعلان جمعہ کے روز لاہور میں ہوئی ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔

یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے بعد سرفراز احمد کی کپتانی کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری تھیں اور یہ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ قیادت میں تبدیلی آ سکتی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے تازہ ترین فیصلے سے ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔

ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہیں کرسکی تھی۔ اس عالمی مقابلے میں سرفراز احمد کی بیٹسمین کی حیثیت سے کارکردگی بھی متاثر کن نہیں رہی تھی اور وہ صرف ایک نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔

ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ سٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور بولنگ کوچ اظہر محمود اپنے عہدوں پر برقرار نہیں رہ سکے تھےاور ان کی جگہ مصباح الحق ہیڈ کوچ اور وقار یونس بولنگ کوچ بنائے گئے ہیں۔

مصباح کی سرفراز سے امیدیں

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کپتان سرفراز احمد سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔ مصباح کو امید ہے کہ وہ سرفراز کی کپتانی میں ٹیم کو ایک بار پھر درست سمت پر گامزن کر سکیں گے۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد پر کپتان کی حیثیت سے کرکٹ بورڈ نے بہت زیادہ انوسٹمنٹ کی ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی نمبر ایک ٹیم ہے جبکہ ون ڈے میں اس نے چیمپینز ٹرافی جیتی۔

سری لنکا کے خلاف سیریز میں بابر اعظم نائب کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے

حالیہ دنوں میں کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آیا ہے لیکن امید ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔

مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کپتان کو بھی توجہ ضرورت ہوتی ہے۔ ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ان کا کام یہ ہو گا کہ سرفراز احمد میں سے ان کی بہترین کارکردگی نکال کر سامنے لائیں جیسا کہ انھوں نے ماضی میں ان کی قیادت میں دی ہے۔

مشہور

Exit mobile version