پاکستان کرکٹ بورڈ نے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کو سری لنکا کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے پاکستانی کرکٹ ٹیم کا کپتان برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ بابر اعظم نائب کپتان ہوں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے یہ اعلان جمعہ کے روز لاہور میں ہوئی ایک پریس کانفرنس میں کیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے نئے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ کے بعد سرفراز احمد کی کپتانی کے بارے میں قیاس آرائیاں جاری تھیں اور یہ خیال ظاہر کیا جا رہا تھا کہ قیادت میں تبدیلی آ سکتی ہے تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے تازہ ترین فیصلے سے ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہو گیا ہے۔
ورلڈ کپ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل نہیں کرسکی تھی۔ اس عالمی مقابلے میں سرفراز احمد کی بیٹسمین کی حیثیت سے کارکردگی بھی متاثر کن نہیں رہی تھی اور وہ صرف ایک نصف سنچری بنانے میں کامیاب ہوئے تھے۔
ورلڈ کپ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے کوچنگ سٹاف کے معاہدوں میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ہیڈ کوچ مکی آرتھر، بیٹنگ کوچ گرانٹ فلاور اور بولنگ کوچ اظہر محمود اپنے عہدوں پر برقرار نہیں رہ سکے تھےاور ان کی جگہ مصباح الحق ہیڈ کوچ اور وقار یونس بولنگ کوچ بنائے گئے ہیں۔
مصباح کی سرفراز سے امیدیں
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نے کپتان سرفراز احمد سے بڑی امیدیں وابستہ کر رکھی ہیں۔ مصباح کو امید ہے کہ وہ سرفراز کی کپتانی میں ٹیم کو ایک بار پھر درست سمت پر گامزن کر سکیں گے۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ سرفراز احمد پر کپتان کی حیثیت سے کرکٹ بورڈ نے بہت زیادہ انوسٹمنٹ کی ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستانی ٹیم اس وقت ٹی ٹوئنٹی کی عالمی نمبر ایک ٹیم ہے جبکہ ون ڈے میں اس نے چیمپینز ٹرافی جیتی۔
حالیہ دنوں میں کارکردگی میں اتار چڑھاؤ آیا ہے لیکن امید ہے کہ آنے والے دنوں میں ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔
مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کپتان کو بھی توجہ ضرورت ہوتی ہے۔ ہیڈ کوچ کی حیثیت سے ان کا کام یہ ہو گا کہ سرفراز احمد میں سے ان کی بہترین کارکردگی نکال کر سامنے لائیں جیسا کہ انھوں نے ماضی میں ان کی قیادت میں دی ہے۔
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن نے 41 ویں ایشین روڈ سائیکلنگ چیمپئن شپ کا اعلان کردیا ہے۔ چیمپئن شپ 25 سے 29 مارچ تک دوشنبے تاجکستان میں منعقد ہوگی۔ ایونٹ میں قومی ٹیم کے 6 کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کر دیا گیا۔
پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر سید اظہر علی شاہ نے کہا کہ ٹیم کی سلیکشن حالیہ نیشنل روڈ چیمپئن شپ گوادر کے دوران کی گئی ا اور کھلاڑیوں کی بہترین کارکردگی کی بنیاد پر کئی گئی ہے ۔ سلیکشن کمیٹی نے 12 کھلاڑیوں میں سے 6 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا۔
اس میں ایلیٹ ،انڈر 23 اور جونیئر کھلاڑی شامل ہیں۔پاکستان کی ٹیم تین ایونٹس میں شرکت کرے گی جس میں انفرادی ٹائم ٹرائل اور روڈ ریسز شامل ہیں ۔ ٹیم میں علی الیاس،محسن خان،شاہ ولی،افنان عزیز,علی آغا اور یوسف شامل ہیں۔ٹیم کا کیمپ کراچی میں جاری ہے، ٹیم کے ساتھ منیجر کم کوچ نثار احمد اور ساجد ٹیم کے مکینک کے طور پر جائیں گے۔
ایشین سائیکلنگ کنفیڈریشن کا اجلاس جوکہ اس چیمپئن شپ کے دوران ہو گا، اس میں پاکستان سائیکلنگ فیڈریشن کی جانب سے سید اظہر علی شاہ صدر اور معظم خان جنرل سکریٹری پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔قومی ٹیم 22 مارچ کو دوشنبے تاجکستان کے لئے روانہ ہو گی۔
راولپنڈی۔10مارچ (اے پی پی):پنجاب گروپ آف کالجز راولپنڈی اسلام آبادگرلز سپورٹس فیسٹیول حفصہ ہائوس نے جیت لیا۔ فاطمہ ہائوس رنزاپ رہا جبکہ رابعہ ہائوس کی ایزا کو سال 2022ء کی بہترین اتھلیٹ قرار دیا گیا۔ گرلز سپورٹس فیسٹیول پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہواجس میں جڑواں شہروں کے پنجاب کالجز کی طالبات کے درمیان اتھلیٹکس ، رسہ کشی، چاٹی ریس، سیک ریس، تھری لیگ ریس، فینسی ڈریس شو اور کلچرل سٹالز سمیت مختلف مقابلے ہوئے۔
فیسٹیول کاافتتاح مہمان خصوصی چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصرعالم نے کیا۔ انہوں نے کھیلوں کے آغازکااعلان اورمختلف ہائوسز کے سٹالز کا دورہ کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شکیل منیرتھے جنہوں نے نائب صدر ملک نوید اورڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز پروفیسر چوہدری محمد اکرم کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر سنیئرصحافی حافظ محمداقبال، پنجاب کالجز کے پرنسپل صاحبان، اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مہمان خصوصی صدر اسلام آباد چیمبر شکیل منیر نے طلباء وطالبات کو جدید تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر پنجاب کالجز کی انتظامیہ کومبارکباد پیش کی اورکہاکہ ہمیں اپنے کھیلوں کے میدان آباد رکھنے ہیں کیونکہ جن قوموں کے میدان آباد ہوتے ہیں ان کے ہسپتال ویران رہتے ہیں۔
ڈائریکٹر پی جی سی پروفیسر چوہدری محمداکرم نے تمام مہمانوں، اساتذہ اورطالبات کاشکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کااعادہ کیاکہ پنجاب گروپ آف کالجز طلباء وطالبات کوبہترین تعلیم وتربیت کے ساتھ ہمیشہ مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرتا رہے گا۔
اسلام آباد۔10مارچ (اے پی پی):پاکستان بلائنڈکرکٹ کونسل (پی بی سی سی ) نے متحدہ عرب امارات میں ہونےوالے سہ ملکی کرکٹ ٹورنامنٹ کے لئے قومی ٹیم کااعلان کردیا ہے۔ جمعرات کو پی بی سی سی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ایونٹ کے لئے 17 کھلاڑیوں اور 4 آفیشلز کو شامل کیاگیا ہے۔ قومی ٹیم کی قیادت نثار علی خان کریں گے جبکہ ظفر اقبال نائب کپتان ہوں گے۔
جن کھلاڑیوں کا اعلان کیاگیا ہے ان میں بی ون کیٹیگری میں ظفر اقبال، ریاست خان، محمدشاہ ذیب ، فخر عباس اورساجد نواز شامل ہیں، بی ٹو کیٹیگری میں نثار علی خان ، بدرمنیر ، مطیع اللہ ، شاہذیب حیدر ، انیس جاوید ، معین اسلم جبکہ بی تھری کیٹیگری میں محمد راشد ، فیصل محمود ،محسن خان، ثنا اللہ مروت، اکمل حیات اور اسرار الحسن کو شامل کیا گیا ہے۔
آفیشلز میں محمد ذیشان اکرم بطور منیجر، محمد جمیل کوچ، مہریوسف ہارون اسسٹنٹ کوچ اور طاہر محمود بٹ بطور ٹرینر ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔ سہ ملکی بلائنڈ کرکٹ ٹورنامنٹ 13 سے 19 مارچ تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا جس میں پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں شامل ہوں گی۔