پاکستان

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس، چھوٹے او ر درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کیلئے بہت اہم ہیں، ماضی میں چھوٹی صنعتوں کو نظر انداز کیا گیا، عمران خان

Published

on


اسلام آباد۔30اگست (اے پی پی):وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ چھوٹے او ر درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کیلئے بہت اہم ہیں، ماضی میں چھوٹی صنعتوں کو نظر انداز کیا گیا، چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو مراعات اور سہولیات فراہم کی جائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو چھوٹے اور درمیانے کاروبار کے فروغ کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وفاقی وزراء شوکت فیاض ترین، مخدوم خسرو بختیار، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل اور سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ گورنر سٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

سیکرٹری صنعت و پیداوار ڈویژن نے اجلاس کو مجوزہ ایس ایم ای پالیسی کے خد و خال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ چھوٹے اور درمیانے کاروبار پاکستان کی کل جی ڈی پی کا 40 فیصد حصہ ہیں، ٹیکس کی مد میں خاطر خواہ مراعات دی جا رہی ہیں،

ایس ایم ایز کے فروغ کے لئے ایکشن پلان کی منظوری وفاقی کابینہ پہلے سے دے چکی ہے، اسٹیٹ بینک کی زیر نگرانی چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو قرضے فراہم کئے جائیں گے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے سے منسلک کاروبار کو خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، تمام شراکت داروں سے تفصیلی رجوع کیا جا چکا ہے تاکہ پالیسی میں کسی قسم کا سقم نہ رہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ایس ایم ایز ملکی معیشت میں اہم ترین حیثیت کے حامل ہیں، ماضی میں چھوٹی صنعتوں کو نظر انداز کیا گیا، ہماری حکومت کی توجہ چھوٹی صنعتوں کو سہولیات دینے پر مرکوز ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانیوں کی پالیسی کے تحت چھوٹے کاروبار کرنے والوں کو مراعات اور آسانیاں فراہم کی جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مجوزہ ایس ایم ای پالیسی کو جلد از جلد حتمی شکل دی جائے۔

مشہور

Exit mobile version