اسلام آباد۔ (اے پی پی):وزیراعظم عمران خان سے ترک صدر رجب طیب اردوان نے اتوار کو ٹیلی فونک رابطہ کیا ہے۔ وزیراعظم میڈیا آفس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دونوں رہنمائوں نے افغانستان میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کو بتایا کہ پاکستان کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملہ اور بین الاقوامی اداروں کے سٹاف اور دیگر غیرملکیوں کے انخلاء کیلئے اقدامات کر رہا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ (کل) پیر کو منعقد ہونے والے نیشنل سیکورٹی کونسل (این ایس سی) کے اجلاس میں صورتحال پر مزید مشاورت کی جائے گی۔
دونوں رہنما این ایس سی کے اجلاس کے بعد اپنی کاوشوں کو مربوط بنانے کیلئے دوبارہ رابطہ کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان کے مسئلہ کے جامع سیاسی حل کیلئے ہرطرح کی ممکنہ کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔