کھیل

محمد رضوان آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹر آف دی ایئر 2021قرار،ایوارڈ ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کے نام کرتا ہوں،وکٹ کیپر بیٹر

Published

on

(اے پی پی):سٹار پاکستانی وکٹ کیپر بیٹسمین محمد رضوان نے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی کرکٹر آف دی ایئر 2021ءکا ایوارڈ اپنے نام کر لیا، انہیں سال 2021ءکے دوران نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں اس ایوارڈ سے نوازا گیا ہے، انگلش بیٹر ٹامی بیومونٹ ویمنز ٹی ٹونٹی آف دی ایئر ایوارڈ لے اڑیں جبکہ اومان کے کپتان ذیشان مقصود آئی سی سی مینز ایسوسی ایٹ کرکٹر آف دی ایئر قرار پائے۔

اتوار کو آئی سی سی کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق سال 2021ءمیں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مردوخواتین کھلاڑیوں کیلئے ایوارڈز کا اعلان کر دیا گیا، مینز ٹی ٹونٹی کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ پاکستانی بیٹر محمد رضوان کے نام رہا جنہوں نے سال 2021ءمیں 29 ٹی ٹونٹی میچز میں 73.66 کی اوسط سے 1326 رنز بنائے جبکہ انہوں نے وکٹوں کے پیچھے 22 شکارز بھی کئے،

اس کے علاوہ محمد رضوان گزشتہ سال کھیلے گئے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں میں تیسرے نمبر پر رہے تھے، انہوں نے چھ میچز میں 281 رنز بنائے تھے، اس کے ساتھ ساتھ رضوان نے کیلنڈر ایئر کے دوران ہزار ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل اور مجموعی طور پر ٹی ٹونٹی میچز میں دو ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے والے دنیا کے پہلے بیٹر ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا تھا۔

محمد رضوان نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام ساتھی کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف کا مشکور ہوں جنہوں نے بھرپور طریقے سے میری رہنمائی کی اور میں ٹیم کی فتوحات میں کردار ادا کر سکا، کرکٹ ٹیم گیم ہے اسلئے میں یہ ایوارڈ ساتھی کھلاڑیوں اور مداحوں کے نام کرتا ہوں۔ دوسری جانب انگلینڈ کی اوپننگ بیٹسمین ٹامی بیومونٹ ویمنز کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ لے اڑیں،

انہوں نے 9 ٹی ٹونٹی میچز میں 303 رنز بنائے۔ بیومونٹ نے کہا کہ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ جیتنا میرے لئے باعث اعزاز ہے، اس ایوارڈ سے میرے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کی فاطمہ ثنا آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ کرکٹر آف دی ایئر ایوارڈ کی حقدار ٹھہریں، انہوں نے سال 2021ءمیں 16 ٹی ٹونٹی میچز میں 165 رنز بنائے اور 24 وکٹیں حاصل کیں۔

مشہور

Exit mobile version