راولپنڈی۔10مارچ (اے پی پی):پنجاب گروپ آف کالجز راولپنڈی اسلام آبادگرلز سپورٹس فیسٹیول حفصہ ہائوس نے جیت لیا۔ فاطمہ ہائوس رنزاپ رہا جبکہ رابعہ ہائوس کی ایزا کو سال 2022ء کی بہترین اتھلیٹ قرار دیا گیا۔ گرلز سپورٹس فیسٹیول پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہواجس میں جڑواں شہروں کے پنجاب کالجز کی طالبات کے درمیان اتھلیٹکس ، رسہ کشی، چاٹی ریس، سیک ریس، تھری لیگ ریس، فینسی ڈریس شو اور کلچرل سٹالز سمیت مختلف مقابلے ہوئے۔
فیسٹیول کاافتتاح مہمان خصوصی چیئرمین فیڈرل بورڈ قیصرعالم نے کیا۔ انہوں نے کھیلوں کے آغازکااعلان اورمختلف ہائوسز کے سٹالز کا دورہ کیا۔ اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شکیل منیرتھے جنہوں نے نائب صدر ملک نوید اورڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز پروفیسر چوہدری محمد اکرم کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر سنیئرصحافی حافظ محمداقبال، پنجاب کالجز کے پرنسپل صاحبان، اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ مہمان خصوصی صدر اسلام آباد چیمبر شکیل منیر نے طلباء وطالبات کو جدید تعلیم کے ساتھ کھیلوں کی بہترین سہولیات فراہم کرنے پر پنجاب کالجز کی انتظامیہ کومبارکباد پیش کی اورکہاکہ ہمیں اپنے کھیلوں کے میدان آباد رکھنے ہیں کیونکہ جن قوموں کے میدان آباد ہوتے ہیں ان کے ہسپتال ویران رہتے ہیں۔
ڈائریکٹر پی جی سی پروفیسر چوہدری محمداکرم نے تمام مہمانوں، اساتذہ اورطالبات کاشکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کااعادہ کیاکہ پنجاب گروپ آف کالجز طلباء وطالبات کوبہترین تعلیم وتربیت کے ساتھ ہمیشہ مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرتا رہے گا۔