صدرڈاکٹر عارف علوی نے بڑے پیمانے پر ایسی افرادی قوت کو تربیت دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے جو ملک کو سائبر حملوں سے بچا سکے۔
راولپنڈی میں ملٹری کالج آف سگنلز کے اٹھائیسویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سائبر سکیورٹی تیزی سے ترقی کرنے والا شعبہ ہے جس کو خاص توجہ کی ضرورت ہے کیونکہ اس شعبے میں مخصوص اہلیت اور وسائل کو وقت کے ساتھ ساتھ بہتر بنانا ضروری ہوتا ہے۔صدر نے پرائمری سے اعلیٰ تعلیم تک طلباء کی سمت درست کرنے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ انہیں عصرحاضر میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی اہمیت سے روشناس کروایا جا سکے۔اُدھر اسلام آباد میں ”بدلتی دنیا میں آبادی کے چیلنجوں” کے عنوان سے ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے خاندانی منصوبہ بندی اور ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کے حوالے سے لوگوں میں آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ قومی صحت عامہ کا ماں اور بچے کی صحت کے ساتھ گہرا تعلق ہے۔