قوم کل یوم پاکستان جوش و جذبے اور اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائے گی کہ ملک کی ترقی اور استحکام کیلئے بھرپور محنت کی جائے گی۔
یہ دن تخلیق پاکستان کے حوالے سے انیس سو چالیس میں منظور شدہ تاریخی قرارداد لاہور کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں دوقومی نظریے کے تحت جنوبی ایشیاء کے مسلمانوں کیلئے ایک علیحدہ وطن کے قیام کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں اکتیس اور صوبائی دارالحکومتوں میں اکیس اکیس توپوں کی سلامی سے ہو گا۔
فجر کی نماز کے بعد مساجد میں ملک کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے خصوصی دعائیں کی جائیں گی۔ اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرایا جائے گا۔
اس دن کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ہونے والی شاندار فوجی پریڈ ہوگی جہاں تینوں مسلح افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے دستے مارچ پاسٹ کریں گے جبکہ لڑاکا طیارے ہوا بازی کے حوالے سے اپنی پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ بھی کریں گے۔
کل سہ پہر ایوان ِ صدر میں تقسیم اعزازات کی پُروقار تقریب ہو گی جہاں صدر مملکت آصف علی زرداری مختلف شعبوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی شخصیات کو اعزازات دیں گے۔
ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن اس دن کی اہمیت اجاگر کرنے اور تحریک پاکستان کے رہنمائوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خصوصی پروگرام نشر کریں گے۔