سرینگر۔1ستمبر (اے پی پی):سینئر کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے، سید علی گیلانی کی عمر 92 برس تھی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی انتظامیہ نے سید علی گیلانی کو گزشتہ12 برس سے سرینگر میں گھر میں مسلسل نظر بند کر رکھا تھا، وہ طویل عرصہ سے علیل تھے۔
سید علی گیلانی نے اپنی زندگی کشمیر کاز اور کشمیر پر بھارتی حکمرانی کے خاتمے کے مطالبے کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ 27ستمبر 1929 کو شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے ایک گائوں میں پیداہونے والے سید علی گیلانی نے ابتدائی تعلیم سوپور سے حاصل کی۔
انہوں نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز 1950ء میں کیا، وہ جماعت اسلامی مقبوضہ کشمیر کے ایک قد آور رہنما تھے اور کئی مرتبہ اس تنظیم کے امیر اور سیکرٹری جنرل رہے۔ سید علی گیلانی بھارتی قبضے سے کشمیرکی آزاد ی کیلئے انتھک جدوجہد کر تے رہے، انہوں نے تحریک آزادی کو زور و شور سے آگے بڑھانے کیلئے 2003ء میں اپنی تنظیم تحریک حریت جموں وکشمیر کی بنیاد رکھی